• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ڈاکوؤں نے افتخار ٹھاکر کی نعت خوانی کی محفل میں پہنچنے کیلئے مدد کی

اسکرین گریب
اسکرین گریب 

پاکستانی معروف کامیڈین، تھیٹر و فلم اداکار، پروڈیوسر افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار ڈاکوؤں نے محفلِ میلادﷺ میں پہنچنے کے لیے اُن کی مدد کی تھی۔

حال ہی میں افتخار ٹھاکر نے جیو نیوز کے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔

شو کے دوران جہاں میزبان تابش ہاشمی اور ناظرین نے افتخار ٹھاکر سے دلچسپ سوالات کیے وہیں انہوں نے بھی جگتیں مار کر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔


اداکار نے شو کے دوران بتایا کہ وہ بچپن میں انتہائی شرارتی بچے اور شریر طالبِ علم تھے، اُن کی شرارتیں متعدد بار پکڑی بھی گئیں جس کے نیتجے میں اُنہیں مار بھی پڑی۔

افتخار ٹھاکر کا بتانا تھا کہ شرارتوں کے سبب اُنہیں ایک بار اسکول سے بھی نکال دیا گیا تھا۔

انہوں نے بھارتی معروف گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پہلی ملاقات کا دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔


ایک سوال کے جواب میں اداکار نے ماضی میں جھانکتے ہوئے بے مثال یادوں کو تازہ کیا۔

اداکار کا بتانا تھا کہ اُنہیں نعت خوانی کا بے حد شوق ہے، ایک بار انہوں نے محفلِ میلاد میں نعت خوانی کرنی تھی، اُنہیں سیالکوٹ جانا تھا اور انتظامیہ کی جانب سے اُنہیں رات دو بجے کا وقت دیا گیا، ایک بجے اُن کا تھیٹر ختم ہوا تھا۔

انہوں نے میلاد میں جَلد پہنچنے کے لیے چھوٹے مگر خطرناک رستے کا انتخاب کیا۔

لوگوں کے آگاہ کرنے کے باوجود انہوں نے سیالکوٹ پہنچنے کے لیے اُس راستے کا انتخاب کیا جہاں رات 8 بجے کے بعد صرف ڈاکوؤں کا راج ہوا کرتا تھا۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ ابھی اُس خطرناک رستے پر گاڑی چلاتے 10 منٹ ہی گزرے تھے کہ سامنے سے موٹر سائیکل پر ڈاکو آ گئے اور قریب آ کر دونوں نے پستول نکال لیا۔


اداکار نے کہا کہ انہوں نے گاڑی کی لائٹیں جلائیں اور ڈاکو کو اپنے پاس بلا لیا، ڈاکو نے جب اُنہیں پہچان لیا تو خوشی کے مارے ہکا بکا رہ گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے پھر ڈاکوؤں سے کہا کہ میرے پاس وقت کم ہے مجھے کسی طرح بھی جَلدی سیالکوٹ پہنچاؤ۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے اپنی پستول اندر چھپائیں اور اُنہیں تاریک سڑک پر پوٹوکول دیتے ہوئے اُن کے آگے آگے محفوظ طریقے سے لے گئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید