وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ابھی تک ایک لاکھ 50 ہزار مزدور کارڈ جاری ہوئے ہیں، نادرا سے مزید 8 لاکھ 50 ہزار بینظیر مزدور کارڈ جاری کروا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران کمشنر سیسی نے بتایا کہ 2 لاکھ 50 ہزار بینظیر مزدور کارڈ جون تک جاری ہو جائیں گے، اس وقت سیسی کے اسپتالوں کے علاوہ 42 ڈسپینسریاں ہیں۔
سیکریٹری لیبر کا کہنا تھا کہ محنت کشوں اور ان کے خاندان کا علاج مفت کیا جاتا ہے، مزدوروں کی تصدیق بذریعہ قومی شناختی کارڈ کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کے لیے چھوٹے قرضوں کا منصوبہ بھی تیار کریں، چھوٹے قرض بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے دیے جائیں، زرعی ترقی ملک کی مضبوط معیشت کی ضامن ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو بیج اور کھاد میں سبسڈی دے کر زرعی ترقی کے لیے کام کرنا ہے، محکمہ زراعت کاشتکاروں کو زراعت کے جدید طریقوں سے آگاہ کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ تمام کاشتکار ہاری کارڈ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، ہاری کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔