• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ورلڈکپ تیاریوں کی امید بارش میں بہہ جانے کا خدشہ، انگلینڈ کے خلاف آج چوتھا میچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلش کرکٹ ٹیمیں ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل پریکٹس میچز نہیں کھیلیں گی، دونوں ٹیمیں توقع کررہی تھیں کہ جاری ٹی 20 سیریز میں انہیں بھرپور پریکٹس مل جائے گی، لیکن سیریز میں صرف ایک میچ کھیلاجاسکا جبکہ دو مقابلے بارش کی نذر ہوچکے ہیں۔ 

اب خدشہ ہے کہ گرین شرٹس کی میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ کی امیدیں بارش میں بہہ جائینگی۔ 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کا آخری امتحان جمعرات کو اوول کے تاریخی گراؤنڈ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف ہورہا ہے۔ تین میں سے دو میچ بار ش کی نذر ہونے کے بعد چوتھے میچ والے دن بھی بارش کا امکان ہے۔ 

انگلینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ جمعے کو پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے لندن سے ڈیلس روانہ ہورہی ہے۔ لیڈز کے بعد کارڈف کے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں ایک بھی گیند پھینکی نہ جاسکی۔ 

دو میچ بارش کی نذر ہونے سے پاکستان کی تیاریوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ بدھ کو پاکستان ٹیم کارڈف سے لندن پہنچی اور اوول میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ ایجبسٹن برمنگھم میں انگلینڈ نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کی تھی۔ 

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے لیکن جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 160 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

 توقع ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے قبل آخری میچ میں صائم ایوب اور شاداب خان کو آرام دے سکتی ہےانگلش کپتان جوش بٹلر بچے کی ولادت کی وجہ سے میچ میں شرکت نہیں کریں گے اور کپتانی معین علی کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید