وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رفح میں معصوم فلسطینیوں کو دن رات شہید کیا جا رہا ہے، عالمی عدالت کے فیصلوں کو پامال کیا جا رہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت ابھی تک اسرائیل کو اس ظلم سے باز نہیں رکھ سکی۔
غزہ کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں خون کی ہولی اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی، عالم اسلام فلسطین میں ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسپین، ناروے، آئرلینڈ نے فلسطین کی آزاد حکومت کے قیام کی تائید کی، ناروے اور آئرلینڈ کے وزرائے اعظم کو فون پر مبارک باد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ناروے اور آئرلینڈ کے وزرائے اعظم نے فلسطین کے حق میں آوازاٹھانے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار اداکرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ سے دعا ہے غزہ اور رفح میں جلد ظلم کا خاتمہ ہو۔