• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: ڈرائیونگ لائسنس معطلی کا ملزم ویڈیو لنک پر پیشی کے دوران کار چلاتا رہا

تصویر: اسکرین گریب
تصویر: اسکرین گریب

امریکا میں ڈرائیونگ کے دوران زوم کال کے ذریعے عدالتی سماعت میں شامل ہونے والے شخص نے جج کو حیران کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جج کی حیرانگی کی وجہ یہ تھی کہ اس شخص کا لائسنس معطل تھا اور وہ پھر بھی ڈرائیونگ کے دوران عدالتی سماعت میں شامل ہوا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کوری ہیرس نامی شخص پر امریکی ریاست مشی گن میں معطل لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کرنے کے حوالے سے مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔

سماعت کے دوران جیسے ہی کوری ہیرس ویڈیو کال کے ذریعے عدالتی کارروائی کا حصہ بنا تو ڈسٹرکٹ جج نے اندازہ لگایا کہ اُس نے سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی ہے جس کے بعد جج نے حیران ہو کر پوچھا کہ کیا آپ گاڑی چلا رہے ہیں؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق جج کی اس بات پر کوری ہیرس نے جواب دیا کہ دراصل میں اپنے ڈاکٹر کے پاس جا رہا ہوں، مجھے صرف ایک سیکنڈ دیں، میں ابھی گاڑی پارک کر رہا ہوں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس دوران جج کو حیران دیکھا گیا جبکہ عدالت میں موجود کوری ہیرس کی وکیل اور قانونی ٹیم مایوس دکھائی دیے۔

اس موقع پر کمرۂ عدالت میں موجود دیگر لوگوں کو بھی اپنی ہنسی روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کوری ہیرس کی قانونی ٹیم نے کیس کو 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔

جج نے ملزم کو پولیس اسٹیشن جا کر اپنی گرفتاری پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید