• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، سرغنہ سمیت 2 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی

تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر
تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ہے جس کے دوران دہشت گردوں کا سرغنہ ایاز عرف محمد اور دہشت گرد احمدی عرف کوچی کو ہلاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 30 اور 31 مئی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا، جس میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، یہ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

قومی خبریں سے مزید