وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان سنگل ونڈو کمپنی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء میں سے وزیر تجارت جام کمال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت شزا فاطمہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سنگل ونڈو نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے ملک کی65 فیصد تجارت مستفید ہو رہی ہے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ11 حکومتی ادارے اور 29 بینک پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ منسلک ہیں۔
دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا ہونا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا دائرہ کار بڑھایا جائے، چین کا سنگل ونڈو کا نظام ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔