ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل نے مخصوص نشستوں کے کیس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتراض دائر کرنے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق بینچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شمولیت پر اعتراض سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
ایک بیان میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل اتمان خیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بینچ پر اعتراض کی کوئی ہدایات نہیں دی ہیں، انہیں بطور ایڈووکیٹ جنرل تمام ججز پر اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے جی آفس سے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھے جانے کی خبر من گھڑت ہے۔
اس سے پہلے یہ خبر آئی تھی کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مخصوص نشستوں کا کیس سننے والے بینچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شمولیت پر اعتراض دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ بینچ پر اعتراض سے متعلق درخواست کی منظوری کے لیے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا گیا ہے۔