جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت مستعفی ہو، موجودہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں حافظ حمداللّٰہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ایک اسلامی، سیاسی اور جمہوری پارٹی ہے۔ جس کے انتخابات میں امیر، سیکریٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی واحد جماعت ہے، جس نے عام انتخابات کے فوری بعد اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔
جے یو آئی ترجمان نے مزید کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کیا، موجودہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ نہیں ہے۔ حکومت کا مستعفی ہونا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مشترکہ تحریک چلانے کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، ہمارے درمیان کئی سال سے اختلافات ہیں۔
حافظ حمداللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنی پارٹی کے بانی کے کہنے پر مولانا فضل الرحمان کے پاس آئے، وہ ہمارے گھر آئے تو ہم نے خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے وفود بھی مولانا فضل الرحمان کے پاس آئے ہیں، جے یو آئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی نہ ہی حکومت کو سپورٹ کرے گی۔