پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کا کہنا ہے کہ میرے والد اور بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید رکھا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور میرے والد بھی اڈیالہ جیل میں خوش ہوں گے۔
مہر بانو قریشی نے کہا کہ سائفر کیس میں پہلے ہی دن خان صاحب نے کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے، کیس چلے گا تو یہ ایکسپوز ہوں گے، وہ ہی ہوا۔
شاہ محمود کی بیٹی نے مزید کہا کہ کیس کی سماعت کے دوران بہت مشکل وقت گزرا، سب کچھ یاد رہے گا، بس ناحق قید کا دکھ رہے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور شاہ محمود قریشی کو بری کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مختصر فیصلہ سنایا، بینچ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دے دی۔