راولپنڈی(وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ریکارڈ2147اشتہاری مجرموں کو گرفتارکیا۔سٹی پولیس آفیسراسراراحمدخان عباسی نے جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمدسکھیراکے حکم پرراولپنڈی پولیس نے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، چھ ماہ میں اتنی بڑی تعدادمیں اشتہاریوں کی گرفتاری سے ضلع میں جرائم کی شرح میں گذشتہ برسوں کی نسبت کمی آئی ہے ابھی ہمیں مزیدکام کرناہے انہوں نے بتایاکہ گزشتہ برس اس عرصہ کے راولپنڈی پولیس نے 1935اشتہاریوں کوگرفتارکیا،2014کے ابتدائی چھ مہینوں میں 1252اشتہاری مجرم،2013 کے چھ ماہ میں 637 ,2012میں 730اشتہاری،2011میں 469, اشتہاری ،2010کے ابتدائی چھ مہینوں میں 570اشتہاری مجرم،2009کے چھ مہینوں میں 590،اشتہاری ،2008کے پہلے چھ ماہ میں 362اشتہاری،2007میں 697اور2006کی پہلی ششماہی میں 663اشتہاری مجرم گرفتارہوسکے تھے۔سی پی او نے بتایاکہ رواں سال اشتہاریوں کو پناہ دینے والے افرادکے خلاف بھی بڑے پیمانے پرکارروائی کی گئی اور اب تک زیردفعہ216ت پ154افرادکے خلاف ایف آئی آرزدرج کی جاچکی ہیں۔اوردفعہ88کے تحت 204 اشتہاری مجرموں کی منقولہ وغیرمنقولہ جائیدادبحق سرکارضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کرائے گئے ہیں۔ رواں سال اب تک انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک فرارہونے والے تین اشتہاریوں کوگرفتارکرکے واپس وطن لایاگیا، ان میں تھانہ سٹی کے تہرے قتل کا نامزدملزم ،جماعت اسلامی کے راہ نما طاہرخان کے قتل کا ملزم اورتھانہ مورگاہ میں اغواکیس کاملزم شامل ہیں جب کہ بیرون ملک فرارہونے والے مزید29اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے ضابطے کی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔