پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔
سونیا حسین نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے سرحد پار بھارت سے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کے بارے میں بھی بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے ماضی میں کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کی پیشکش ہو چکی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی تھی اور میں نے اس فلم کی ٹیم سے ملاقاتیں بھی کی تھیں لیکن اسی دوران پاکستان اور بھارت کے تعلقات بھی کشیدہ ہو گئے تھے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ جس وقت مجھے عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو اُس وقت میری عُمر کم تھی، میں جوان تھی اور میرے اوپر فیملی کی طرف سے سختیاں بھی تھیں، اس کے علاوہ شوبز کیریئر کے ساتھ ساتھ میری پڑھائی بھی چل رہی تھی تو اسی وجہ سے میں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
سونیا حسین نے بتایا کہ مجھے بھارتی اداکار سنتوش کمار کی پرانی فلم کے ریمیک اور مشہور ناول نگار شیکسپیئر کے ناول پر مبنی ایک بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہو چکی ہے۔