• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس، شرح نمو کے اہداف کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ۔ فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ۔ فوٹو: پی آئی ڈی

قومی اقتصادی کونسل نے معیشت کی شرح نمو کے اہداف 25-2024 کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں کونسل نے میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی 25-2024 کی منظوری دے دی۔

سالانہ پلان 25-2024 کی اشاعت اور وزارتوں کو منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ 

قومی اقتصادی کونسل نے 13ویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔

این ای سی نے عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مؤثر و جلد عملدرآمد جیسے اقدامات یقینی بنائیں گے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کونسل کو 13ویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ 24-2023 کے سالانہ ترقیاتی منصوبے و کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ 

کونسل کو 25-2024 کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

این ای سی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ برس کےلیے شرح نمو کے ہدف میں واضح اضافہ کیا گیا ہے۔ 

این ای سی نے ہدایت کی کہ برآمدات میں اضافے کےلیے واضح اہداف پر جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

اجلاس کے دوران کونسل کو 24-2023 کے ترقیاتی بجٹ کا جائزہ پیش کیا گیا۔ کونسل نے 25-2024 کے ترقیاتی بجٹ کے مجوزہ اعشاریوں کی منظوری دے دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ ترقیاتی بجٹ میں سی پیک کے منصبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آئندہ بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔

کونسل کو بتایا گیا کہ تکمیل کے قریب جاری منصوبوں کو بھی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔ پائیدار ترقی کے اہداف کو ترقیاتی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق کونسل نے 25-2024 کے ترقیاتی بجٹ کے اقدامات کی بھی منظوری دے دی۔ 

کونسل کو سی ڈی ڈبلیو پی، ایکنک کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی، معیشت کی بحالی کےلیے حکومت موجودہ وسائل کا استعمال یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی کی خوشحالی کےلیے حکومت موجودہ وسائل کے بہترین استعمال یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت پر تمام اہم فیصلوں میں وفاق صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کےلیے اجتماعی بصیرت کے نتیجے میں ایسے فیصلے کیے جائیں جو مثبت ہوں۔

انکا کہنا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل ملکی معیشت سے متعلق اہم فیصلوں کا سب سے بڑا فورم ہے، اسے معیشت کی بحالی کےلیے اہم فیصلوں کےلیے استعمال کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ زراعت کی ترقی کےلیے صوبوں سے مشاورت انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ زراعت اور دیگر شعبوں کے حوالے سے صوبوں کی تجاویز کو پلان میں شامل کیا جائے۔

اجلاس کے دوران دہشت گروں کے حملے میں شہید کیپٹن اور دیگر فوجی جوانوں کےلیے دعائے مغفرت کی گئی جبکہ شہداء کے اہل خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید