پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نے وفاقی بجٹ کی تیاری میں ن لیگ کی طرف سے اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
پی پی رہنما سید خورشید شاہ نے مجوزہ وفاقی بجٹ سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے بجٹ سے متعلق نہ کچھ بتایا اور نہ ہی ہمیں اعتماد میں لیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا سارا بوجھ پیپلز پارٹی نے شیئر کر رکھا ہے، معلوم نہیں ن لیگ نجکاری پالیسی، ٹیکسز، ترقیاتی پروگرام پر کیا کر رہی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ نہیں معلوم وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں کس صوبے کو کیا حصہ دیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں کے منصوبوں میں کیا نیا ہے، کیا پرانا، ہمیں نہیں بتایا گیا، نہیں معلوم بجٹ حکومت خود بنا رہی یا آئی ایم ایف کا بجٹ مسلط کیا جا رہا۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا سارا بوجھ پیپلز پارٹی نے شیئر کر رکھا ہے، بجٹ میں عوام ہم سے پوچھے گی کہ یہ کیا کر دیا، کیا ہم عوام کو یہ بتائیں کہ ہمیں تو پتا ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کو دیکھنا ہوگا کہ بجٹ پر کیا فیصلہ لینا ہے، وفاقی بجٹ میں ہماری تجاویز ہر صورت شامل ہونی چاہیے تھیں۔