پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک میں مولانا فضل الرحمان آن بورڈ ہیں، جے یو آئی کے ساتھ مشترکہ جلسہ بھی ہوسکتا ہے، تحریک انصاف کی لیڈرشپ رواں ہفتے جے یو آئی سے ملاقات کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو لوگ کرپٹ سسٹم کے بینیفشری ہوتے ہیں وہ کبھی مثبت اقدامات نہیں کرتے، تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، ہم چاہتے ہیں قانون اور آئین کی بالادستی پر بات ہو۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے ہمارے کیسز میں آئین، رولز اور قانون نظر نہیں آتے، عدلیہ سے پُرامید ہیں، سرگودھا میں ہمارے نمائندوں کو عدالتوں میں پیش ہونے سے روکا گیا، لوگ گھروں میں جلسے کرتے ہیں، اس پر پرچے ہوجاتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف کیس پر کیس بنائے جارہے ہیں، ہمارے خلاف کریک ڈاؤن تو پہلے سے جاری ہیں، آج شبلی فراز کے گھر پر انسداد تجاوزات والے پہنچ گئے، حکومت عوامی مسائل پر بات نہیں کرتی، اسپیکر کو کئی بار کہا کہ آپ ہاؤس کے کسٹوڈین بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلمانوں نے مودی کو مسترد کیا، بھارت کے لوگوں نے بی جے پی کو مسترد کردیا۔
بیرسٹرگوہر خان نے یہ بھی کہا کہ ذاتی طور پر نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم کا دورہ چین سود مند تھا، وزیراعظم کو چین میں ڈپٹی میئر نے ویلکم کیا۔