لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں سیکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی نجی سیکیورٹی کمپنی کے مالک کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ مالک ملازمین پر سختی کرتا تھا، اس لیے اسے قتل کیا۔
پولیس کے مطابق نجی سیکیورٹی کمپنی کا مالک غلام رسول گاڑی میں اپنے دفتر کی پارکنگ میں پہنچا، وہ کار کی ڈِگی سے سامان نکال رہا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ مدنی جلیل نے اس پر فائرنگ کر دی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم مقتول کے قریب آ کر اس کے سر میں بھی گولی مار دیتا ہے۔
واقعے کے بعد مارکیٹ کے لوگ جمع ہو گئے، جنہوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔