جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے دنیا کو بتادیا انتخابی نتائج عوامی نتائج نہیں تھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہم ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں پاکستان کی سیاست و معیشت پر اثر انداز ہوتی ہیں، ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے استقلال کا تقاضا یہ ہے کہ ہم غلامی قبول نہ کریں بلکہ دوستی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا موقف تسلیم کروانے کےلیے چاروں صوبوں میں عوامی اسمبلیاں بنائی ہیں، ہم نے دنیا کو بتایا ہے انتخابی نتائج عوامی نتائج نہیں تھے۔
فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دوست انتخابات کو قبول کرکے اسمبلیوں میں بیٹھ گئے لیکن ہم نے انتخابی نتائج تسلیم نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضع کر دیا ہے، ہم سرنڈر نہیں کریں گے، ہم نے 2018 کے نتائج مسترد کیے اور اب الیکشن 2024 کے نتائج بھی مسترد کرتے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ اگر آئندہ بھی نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو ہماری جنگ جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد مجلس عاملہ کا اجلاس ہو گا، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل بنایا جائے گا، ہم نے پہلے بھی عالمی قوتوں کا مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔