• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فتح پاکستان پر مہربان، کمزور حریف کینیڈا کو زیر کرلیا، پوائنٹس ٹیبل پر انٹری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فتح مہربان ہوہی گئی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دو میچ ہارنے کے بعد اپنے کروڑوں مداحوں کو خوشی کی خبر سنائی۔ پاکستان نے کمزور حریف کینیڈا کے خلاف میچ سات وکٹ سے جیت کر پہلی کامیابی حاصل کی اور دو پوائنٹس حاصل پوائنٹس ٹیبل پر انٹری دیدی ۔ پاکستان کو اب بھی اتوار کو آئرلینڈ کو شکست دینا ہوگی جبکہ امریکا کو دونوں میچوں میں شکست کا سامنا ہی پاکستان کو سپر ایٹ میں پہنچا سکتا ہے۔ منگل کو نیویارک میں پاکستانی بولروں نے کمزور حریف کو سات وکٹ پر106رنز تک محدود رکھا۔ محمد عامر 4 اوورز میں 13 رنز دے کر 2 وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ حارث رؤف نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ رضوان نے بھارت کے خلاف غلط اسٹروک کا ازالہ کیا اور 53 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ کینیڈا کیلئے ارون جانسن نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ورلڈ کپ کے گروپ ’اے‘ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کینیڈا نے شاہین آفریدی کے پہلے اوور میں دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنائے۔ لیکن تیسرا اوور کرانے والے محمد عامر نے شاندار ان سوئنگ پر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔ شاہین نے اگلے اوور میں پرگت سنگھ کو پویلین بھیجا تو 43 کے مجموعے پر نکولس کیرٹن کو بھی آؤٹ کیا۔54 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف نے ایک ہی اوور میں شریاس مووا اور رویندرپال سنگھ کا کام تمام کردیا۔ آرون جانسن نے کپتان سعد بن ظفر کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 19 رنز جوڑے ، نسیم شاہ نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے والے آرون کو فارغ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا ، افتخار احمد کی جگہ ٹیم میں آنے والے صائم ایوب ایک اور موقع سے فائدہ نہ اٹھاسکے اور صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ رضوان اور کپتان بابر اعظم نے 63 رنز کی شراکت بنا کر میچ یکطرفہ بنا دیا۔ بابر اعظم نے 33 گیندوں پر 33 رنز ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر بنائے ۔ میچ کے اختتامی لمحات میں فخر زمان بھی وکٹ گنوا بیٹھے لیکن پاکستان نے 15 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔