آئندہ مالی سال 25-2024ء کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 سے 20 فیصد اضافے کی تجویز پیش کر دی گئی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ 20 فیصد بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کی تنخواہ 15 فیصد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
گریڈ 1 تا 16 کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے، گریڈ 17 سے 22 تک کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
تنخواہ اور پنشن بڑھانے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی، سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 62 برس کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔
ان تجاویز کا اطلاق صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد معاملہ غور کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی منظوری کی صورت میں اطلاق آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔