پارلیمنٹ کے ایوان بالا (سینیٹ) میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور قائد ایوان اسحاق ڈار بال ایک دوسرے کی جانب پھینکتے رہتے ہیں۔
سینیٹ میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ یہ معاملات حل کرنے کی بجائے ایک دوسرے کی جانب بال پھینکتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور اسحاق ڈار بال ایک دوسرے کی جانب پھینکتے رہتے ہیں، لیڈر آف دی ہاؤس کے پاس اتنے عہدے ہیں کہ ایک ہفتے بعد ملے۔
سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار سے 2 منٹ کی ملاقات ہوئی تو فون آگیا کہ وزیراعظم آفس جانا ہے، یہ معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں، یہ سینیٹ کمیٹیاں پیپلز پارٹی کو دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب ایم کیو ایم 2 بن گئی ہے، جو مسلسل بلیک میل کر رہی ہے، پی پی حکومت کو بلیک میل کرکے کمیٹیاں اور عہدے لے رہی ہے۔
قائد حزب اختلاف سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک سکے کے دو رخ ہیں، سینیٹ میں بجٹ پر بحث اور معاشی معاملات حل کرنے پر بات نہیں ہونے دی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت مہنگائی پر سوال اٹھانے نہیں دیا جاتا، امن عامہ سمیت اصل مسائل پر سینسر شپ لگا دی گئی ہے۔
سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے سے متعلق سوال سینیٹ میں اٹھانے پر پابندی لگا دی ہے۔