• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کررہا ہے، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے حاجی پیر سیکٹر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر افسران اور جوانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی اور پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کیلئے فوجیوں کی لگن، بلندحوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور فوجی ہم دورانِ ڈیوٹی اپنے گھروں اور پیاروں سے دور تہوار منانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر یو این قراردادوں کے مطابق پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد پر گفتگو کی۔

انہوں نے کشمیریوں پر بھارت کے جاری ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا معمول کا سیاسی آلہ کار بن چکے، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کی حمایت کی ہے، کسی بھی اشتعال انگیزی یا پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور پرُعزم جواب دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید