خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں صحافی خلیل جبران کے قتل کا مقدمہ تھانہ لنڈی کوتل میں درج کر لیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مقدمہ زخمی وکیل سجاد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی پی او نے کہا ہے کہ حملے میں سجاد ایڈووکیٹ زخمی ہوئے تھے، جو واقعے کے عینی شاہد بھی ہیں۔
صحافی خلیل جبران کی نمازِ جنازہ آج آبائی علاقے سلطان خیل میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ صحافی خلیل جبران کو گزشتہ روز گھر کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے صحافی خلیل جبران کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے بھی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت کی ہے۔