• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کا دورہ ہالینڈ کھٹائی میں پڑ گیا جرمنی کے ویزے ملنے کا امکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی  جونیئر ہاکی ٹیم کا دورہ ہالینڈ ویزے میں تاخیر کی وجہ سے کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ تاہم پی ایچ ایف کے حکام کی درخواست پر پاکستان کی وزارت خارجہ کی مداخلت پر ٹیم کو جرمن ویزا ملنے کی امید ہے جس کے بعد  ٹیم کے چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے امکانات روشن ہوگئے۔ وزارت خارجہ کی مداخلت پر جرمن ایمبیسی نے کھلاڑیوں کو گروپ انٹرویو کے لئے وقت دے دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تاخیر اور قوانین کے بدلنے سے لاعلم ہونے کے باعث ہالینڈ اور جرمن ایمبیسی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ جس پر پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری کی درخواست پر وزارت خارجہ نے جرمن ایمبیسی سے رابطہ کیا تھا۔ پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ویزوں کیلئے منگل کو اسلام آباد میں  جرمن سفارت خانے میں بائیو میٹرکس کرایا ہے ۔ یقین ہے کہ ویزے 72 گھنٹوں میں مل جائیں گے۔ قومی ٹیم کو جر من کے ایونٹ میں شر کت سے قبل ہالینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں قومی ٹیم دو سے تین میچز کھیلے گی مگر ویزا میں تاخیر کے باعث اس کے ہالینڈ جانے کے  امکانات معدوم ہوگئے ہیں، جرمنی کے ایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ جرمنی ، ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیموں سے ہوگا۔  ہاکی ٹیم کی روانگی کیلئے 18 جولائی کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ 21 سے 24 جولائی تک کھیلا جائےگا ۔ دورہ یورپ کی تیاریوں کےلئے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری قومی انڈر 21 ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں منگل کو 20 سے زائد کھلاڑی ٹریننگ میں حصہ نہ لے سکے۔ کوچ ذیشان اشرف کے مطابق ویزہ کا مرحلہ ختم ہوتے ہی وہ دوبارہ کیمپ جوائن کرلیں گے، تاہم دیگر کھلاڑیوں نے معمول کے مطابق دوسیشنز میں ٹریننگ کی ہے ۔ ذیشان اشرف کا کہنا تھا چار ملکی ٹورنامنٹ میں جرمنی، ہالینڈ اور بیلجیئم کے علاوہ پاکستان شامل ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ اچھے سے اچھے نتائج حاصل کیے جائیں تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو سکے،کیمپ میں پنلٹی کارنر کے شعبہ پر توجہ دی جا رہی ہے، اسٹرکچر ٹریننگ کرائی جائے گی، کیمپ میں کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ کروا رہے ہیں تاکہ جونیئر ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنی خامیوں پر قابو پاسکیں۔ قومی ٹیم کے کوچ ذیشان اشرف اور کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جرمنی میں چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، جس سے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری بھی ہوسکے گی۔ ادھر ہیڈ کوچ طاہر زمان کے مطابق پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم جرمنی میں چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کھیل کے وطن واپس آجائے گی۔ جس کے بعد اگست میں ہالینڈ، اسپین اور بیلجیئم کے دورے کے لئے ویزوں کی درخواست بھی جمع  کرادی ہے۔
تازہ ترین