• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی پارلیمان نے سی پیک کی ہمیشہ حمایت کی، سردار ایاز صادق

سردار ایاز صادق(فائل فوٹو)۔
سردار ایاز صادق(فائل فوٹو)۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان نے سی پیک منصوبے کی ہمیشہ مکمل حمایت کی ہے۔ سی پیک منصوبے نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار پاک چین مشترکہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ 

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم ’گیم چینجر‘ منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔ سات دہائیوں پر محیط چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دنیا کےلیے ایک مثال ہے۔  

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں۔ دونوں ممالک خطے میں انتشار اور بد امنی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا صدر شی جن پنگ کا 2015 میں پاکستان کا تاریخی دورہ اہم سنگ میل تھا۔ چینی صدر کے دورے پر 46 بلین ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ 

سردار ایاز صادق نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کیا۔ چینی صدر نے اس خطاب میں’ون بیلٹ ون روڈ‘ کے اپنے وژن کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا مشترکہ مفادات، خود مختاری اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ 

سردار ایاز صادق نے کہا دونوں پارلیمان تمام فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی کو مزید فعال کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا چین کے وفد کا پاکستان کا دورہ اور سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے۔ 

انھوں نے کہا چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے۔ سی پیک فیز ٹو سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کوآرڈینیشن مزید گہرا ہو گا۔ 

انھوں نے کہا دعا ہے پاک چین دوستی اور شراکت داری ہمیشہ یونہی پھلتی پھولتی رہے۔

قومی خبریں سے مزید