• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر ہوتا حکومت اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا، حکومت تمام اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی، مشکل وقت میں مل کر معیشت کو سنبھالنا ہے۔

کراچی میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نیت صاف ہے، امید ہے وہ پیپلز پارٹی سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پورے ملک کا مسئلہ ہے، سندھ کے عوام کو سولر کی فراہمی کے 5 سالہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں، جو لوگ افورڈ کر سکتے ہیں انہیں رعایتی نرخ پر سولر فراہم کریں گے اور جو نہیں کرسکتے، انہیں مفت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے لاڈلے ہیں، شہید محترمہ نے تکلیف اور خوشی کے دن اسی شہر کے ساتھ گزارے، محترمہ بھی یہاں پیدا ہوئی تھیں، میں بھی کراچی میں پیدا ہوا، ہمارا ساتھ بےمثال ہے، اس شہر کے عوام نے شہادتیں قبول کیں مگر محترمہ کو اکیلا نہیں چھوڑا۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں، آپ نے تیسری بار ہمیں منتخب کروایا ہے، ہمیں آپ کی امیدوں کے مطابق کام کرنا ہے، میں نے وزیراعلی سندھ کو آپ کے مسائل پر کام کرنے کا کہا ہے، جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان پر کام کر رہے ہیں، امن و امان کے مسئلے میں بھی بہتری آئے گی۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو کہا ہے یہاں کی آبادی زیادہ ہے، وزیر اعلیٰ نے پانی کے مسئلے پر حب ڈیم سے لائن لانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت دن رات محنت کرے گی کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں، لیاری سمیت کراچی کے عوام کیلئے ہم دن رات محنت کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ججز نے ایسے فیصلے سنائے جو غریب عوام کو روزگار سے روکنے کا باعث بنے، مہربانی کرکے اسٹے ختم کریں تو عوام کو روزگار مل سکے، ہم درخواست کریں گے کہ روزگار فراہم کرنے دیا جائے، ملک کے موجودہ حالات آپ کےسامنے ہیں۔

 پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیربھٹو اب بھی زندہ ہیں، وہ حکموتیں بناتی اور گراتی ہیں، کچھ قوتیں محترمہ بے نظیر بھٹو کو قتل کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کرنا چاہتی تھیں۔

قومی خبریں سے مزید