• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 سُپر 8 مرحلہ، ویسٹ انڈیز نے امریکا کو 9 وکٹ سے شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو 9 وکٹ سے شکست دے دی۔

گروپ 2 کی ٹیمیں برج ٹاؤن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں مدمقابل تھیں جہاں امریکا کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

امریکا کے بیٹر گوس نے 29 رنز، نتیش کمار 20، ملند کمار 19، شیڈلی وین شالک وِک 18، ایرون جونز 11 جبکہ علی خان 14 رنز کے ساتھ ناقابل تسخیر رہے۔

ویسٹ انڈیز کے بولر آندرے رسل اور روسٹن چیس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ الزاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کا تعاقب ویسٹ انڈیز کے لیے بہت ہی آسان رہا جو اس نے 10.5 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ 82 اور نکولس پورن 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

 ویسٹ انڈیز نے امریکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ کا آغاز گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب تاخیر سے ہوا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان رومن پاول کا ٹاس کے بعد کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم دو میچز جیت کر سیمی فائنل میں جا سکتے ہیں۔ 

کپتان رومن پاول نے کہا کہ پچھلے سات مہینوں میں ہم ایک یونٹ کے طور پر اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، آج کا میچ ہمارے لیے ایک اچھا موقع ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید