لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ۔ شاہ محمود قریشی نے چوہدری شجاعت حسین کو ٹیلیفون کر کے پاناما لیکس پر انکوائری کمیشن کیلئے مجوزہ ٹی او آرز کے بارے میں مشاورت کی جبکہ متوقع آل پارٹیز کانفرنس کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو چودھری شجاعت حسین نے کراچی میں فون کر کے عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں میں آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں ملاقات متوقع ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی فون کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کے طویل دھرنا کے باوجود حکومت ان کے مطالبات و مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی جو افسو سنا ک ہے۔