بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں مسلح افراد لیویز تھانہ ہوشاب پر حملہ کر کے سرکاری اسلحہ لے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم نے غفلت برتنے پر نائب رسالدار سمیت 10 لیویز اہلکاروں کو برطرف کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح 2 درجن سے زائد افراد نے لیویز تھانہ ہوشاب پر حملہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنا کر سرکاری اسلحہ، اہلکاروں کی 2 موٹر سائیکلیں اور گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر کر ملزمان کی تلاش شروع کی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کے لیویز تھانے ہوشاب پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ قبائلی عمائدین سے بھی رابطے میں ہیں، ملزمان کا تعاقب کر کے جلد انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔