• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کا اہم پروڈکشن ہاؤس مالی مشکلات کا شکار، آفس فروخت کردیا

بالی ووڈ کے اہم پروڈکشن ہاؤس پوجا انٹرٹینمنٹ کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑگیا جس کے ممبئی آفس کو قرضے ادا کرنے کےلیے فروخت کردیا گیا۔

رواں ہفتے سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کی جانب سے پوسٹس سامنے آئی تھیں، جس میں انہوں نے ذکر کیا کہ پوجا انٹر ٹینمنٹ اور  اس کے مالک جیکی بھاگنانی اور وشو بھاگنانی نے ان کی پیمنٹس روکی ہوئی ہیں، جس کے بعد کئی لوگوں نے پوجا انٹر ٹینمنٹ پر پیمنٹ کلیئر کرنے اور  وقت پر ادائیگی نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔

بالی ووڈ ہنگامہ نے دعویٰ کیا کہ پوجا پروڈکشن نے مالی مشکلات اور قرضوں  کی ادائیگی کرنے کےلیے ممبئی میں واقع اپنا 7 منزلہ آفس فروخت کردیا ہے، جس کی قیمت 250 کروڑ روپے ہے۔

علاوہ ازیں باکس آفس پر کئی فلموں کی ناکامی کے بعد پروڈکشن ہاؤس نے اپنا کام بھی مختصر کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وشو بھاگنانی نے اپنا آفس ایک بلڈر کو فروخت کیا ہے جس نے بلڈنگ کو خرید تو لیا ہے مگر اس کی ادائیگی ابھی نہیں کی ہے، بلڈر کا کہنا ہے کہ وہ اس عمارت کو گرا کر ایک لگژری رہائشی پروجیکٹ بنانے کا ارادہ  رکھتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وشو نے اپنے 80 فیصد عملے کو فارغ کردیا ہے اور آفس کو جوہو میں واقع دو کمرے کے فلیٹ میں منتقل کردیا ہے، انہوں نے اپنے کام کو مختصر کرنے کا آغاز جنوری 2024 سے کیا تھا جب جگن شکتی کی فلم جس میں ٹائیگر شروف بھی شامل تھے کو روک دیا گیا تھا۔

پروڈکشن ہاؤس کے عملے کی کمی اپریل میں خاص طور پر بڑے میاں چھوٹے میاں کی ناکامی کے بعد کی گئی تھی، جس میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف  تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پے در پے فلموں کی ناکامی کے بعد پوجا انٹرٹینمنٹ کو اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی فلم چھوٹے میاں بڑے میاں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں اور انہوں نے سوچا تھا کہ یہ فلم ان کے مالی حالت کو بدل دے گی، تاہم اس فلم کی ناکامی نے کمپنی کو تقربیاً مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اور واشو کے پاس اپنا قرض چکانے کےلیے بلڈنگ بیچنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

پوجا انٹرنٹینمنٹ کو 1986 میں شروع کیا گیا تھا اس کے بینر تلے کئی نامور فلمیں بنی ہیں، جن میں قلی نمبر 1 ، بیوی نمبر 1، رنگریز، شادی نمبر ون اور جوانی جانیمن شامل ہیں جبکہ پوجا انٹرٹینمنٹ کی آخری فلم بڑے میاں چھوٹے میاں تھی جو باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید