ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کےلیے 172 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلش ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروکس 25، جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21 اور لیونگ اسٹون 11 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی دوسرا کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔
بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپرت بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اکشر پٹیل کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ورلڈ کپ کا فائنل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہفتہ 29 جون کو کھیلا جائے گا۔
پرویڈینس میں کھیلے گئے میچ میں بارش کی آنکھ مچولی جاری رہی، پہلے ٹاس اور پھر میچ بھی تاخیر کا شکار ہوا۔ امپائرز نے پاکستانی وقت کے مطابق سوا 8 بجے میدان کا دوبارہ معائنہ کرکے میچ شروع ہونے کے بارے میں فیصلہ کیا۔
بارش رکنے کے بعد جب ٹاس ہوا تو یہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے نام رہا جس نے بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے، وہ صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان فارم ریشبھ پنت بھی 4 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
اسکے بعد تیسری وکٹ پر کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ روہت شرما نے 57 جبکہ سوریا کمار یادیو نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔
ہاردیک پانڈیا کے 23 اکشر پٹیل کے 10 اور رویندرا جاڈیجا کے ناقابلِ شکست 17 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل مقابلے کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا تھا۔
مسلسل بارش کے باعث میچ نہیں ہو پاتا تو اس صورت میں پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں بھی اپنے تمام میچز جیتنے والی بھارتی ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرجاتی۔
واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرانے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرچکی ہے۔