وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گيا، اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
شہباز شریف نے ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر پر انکوائری اور ماڈل جیل میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور اسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فارنزک لیب تعمیر کی جائے، شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کےلیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔