کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، سندھ بار کونسل اور ملیر بار ایسوسی ایشن نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے بیرسٹر اویس علی شاہ کی بازیابی سے متعلق آئینی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کر دی ہے ۔ جس میں موقف اختیا رکیا گیا ہے کہ او یس علی شاہ کو نامعلوم افراد 20جون کو دوپہر کے وقت آغا سپر مارکیٹ کے سامنے سے اغوا کر کے لے گئے جس کا اب تک کچھ پتہ نہیں چلا ۔حکومت وقت، قانون نافذ کرنے والے اداروںاور متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرے تاہم متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو اویس علی شاہ کو جلد از جلد بازیاب کرانے کی ہدایت کی جائے اور مذکورہ درخواست کو رواں ہفتہ کراچی رجسٹری میں زیر سماعت کراچی بد امنی کیس کے ساتھ ہی سنا جائے ۔