وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتکاری کے شعبے میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے لکھا کہ ہماری پوری تاریخ میں پاکستانی خواتین نے سفارت کاری کے میدان میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔
اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں بیگم رعنا لیاقت علی خان، شائستہ اکرام اللّٰہ اور بے نظیر بھٹو کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارت کاری میں خواتین کے عالمی دن پر ان کی خدمات اور شراکت کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم خواتین برائے سفارتکاری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج کا دن خواتین سفارتکاروں کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے لیے منایا جاتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سفارتکاری میں خواتین کا کردار امن کو فروغ دینے میں اہم ہوتا ہے، یہ دن ہمیں سفارتی میدان میں صنفی مساوات کے لیے کیے گئے اقدامات کی یاد دلاتا ہے، خواتین کو تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہیں۔