مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کراچی میں کے الیکٹرک کے ساتھ کوئی اور کمپنی ہونے کے مطالبے کی حمایت کردی۔
کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں نہال ہاشمی نے کہا کہ حکمران جماعت کے ساتھ وابستگی کی وجہ سے اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی ان مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، کےالیکٹرک کوئی سرکاری ادارہ نہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سرکاری ہوں یا غیر سرکاری، بجلی کی پریشانی سے سب متاثر ہیں۔ میرا بچہ اگر بھوک سے تڑپ رہا ہے اور بجلی کا بل دینا ہے تو میرے لیے کوئی قانون کوئی مروت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر تو آئی ایم ایف والوں کو بھی یہاں ہونا چاہیے تھا، کےالیکٹرک اور نیپرا کو بھی یہاں بلایا جاتا۔
نہال ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ بغیر بتائے لوڈشیڈنگ کرتے ہیں تو ہمارا نقصان ہوتا ہے، کے الیکٹرک کے ساتھ کوئی اور کمپنی بھی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ یہاں نہیں آئے تو کراچی کے لوگ ان کو بلائیں گے۔