پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں مبینہ اختلافات پر بانی نے دونوں دھڑوں کو کل اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے بلا لیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا پیغام ملا ہے، ملک سے باہر ہوں واپس آ کر ملاقات کروں گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے تا حال بانی سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں کی فہرست مرتب نہیں کی، شاندانہ گلزار، جنید اکبر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلیے پیغام نہیں ملا۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی سے ملاقات کیلئے فہرست جب فائنل ہو گی تو آگاہ کر دیں گے، عمر ایوب، شبلی فراز اور رؤف حسن معمول کی ملاقات کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کا بانی پی ٹی آئی نے بھی اعتراف کر لیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی پارٹی اختلافات پر پریشان نظر آرہے ہیں، اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ دونوں گروپس کے لوگوں کو بات چیت کیلئے کل جیل طلب کیا ہے۔
اس سوال پر کہ جن دو گروپس کا ذکر کر رہے ہیں وہ کون سے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ گروپوں سے بات کرنے کے بعد صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے دست اندازی کے سوال پر بانی کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات ضرور ہیں لیکن اُن کی نوعیت سنگین نہیں۔