پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں جلسے کا اجازت نامہ معطل ہونے کے باوجود جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہم ہر صورت جلسہ کریں گے اور جلسہ ہوگا، ہم فیلڈ کے لوگ ہیں جلسہ کرنا آتا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ مانسہرہ کے جلسے سے آ رہا ہوں معلوم ہوا این او سی کینسل کی گئی ہے، ہم تیاریاں کررہے ہیں جلسے کیلئے ورکرز جمع ہوں گے، کسی بھی صورت جلسہ کینسل نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ترنول جلسہ ہر صورت میں ہوگا، عدالتی حکم کے بعد دی گئی این او سی ختم کی گئی، یہ ڈر کے مارے یہ سب کر رہے ہیں، فارم 47 کی حکومت یہ کر رہی ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کردیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام اور دیگر سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں سیکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں ایک سیاسی جماعت دعوت کے باوجود شریک نہیں ہوئی۔