اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کردیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام اور دیگر سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں سیکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں ایک سیاسی جماعت دعوت کے باوجود شریک نہیں ہوئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں جلسے سے متعلقہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا، ڈی سی کی طرف سے دی گئی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں ازسر نو جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی طرف سے جاری کردہ جلسے کا این او سی معطل کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں امنِ عامہ برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔