کراچی میں پان کی دکان میں ڈکیتی کے کیس میں معطل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور اس کے بیٹے کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں ڈی ایس پی اور اس کے بیٹے کے خلاف پان کی دکان میں ڈکیتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے معطل ڈی ایس پی ظفر جاوید اور اس کے بیٹے فہد جاوید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 50,50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر گلشن اقبال میں پان کی دکان پر ڈکیتی کا الزام ہے ملزمان نے 13 جون کو گلشن اقبال میں پان کی دکان پر ڈکیتی کرکے 70 ہزار روپے لوٹ لیے تھے۔
ملزمان کے خلاف دکان کے مالک شاہ زیب کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے، سی سی ٹی فوٹیج کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزمان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ ملزمان پر لگائے گئے الزامات غلط بے بنیاد ہیں۔