بھارتی دارالحکومت دہلی میں شوہر کے سامنے اس کی حاملہ بیوی کو قتل کر دیا گیا، شوہر کے جوابی حملے میں ملزم بھی مارا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وسطی دہلی کے رام نگر علاقے میں ناجائز تعلق کے جھگڑے نے 2 جانیں لے لیں۔
ایک 22 سالہ حاملہ خاتون کو اس کے آشنا نے سرِعام چھری کے وار کر کے قتل کر دیا، جبکہ خاتون کے شوہر نے حملہ آور کو قابو کر کے مار ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ شالنی 2 بچیوں کی ماں تھی اور اس کا شوہر آکاش رکشہ ڈرائیور ہے جو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
حملہ آور آشُو عرف شیلندر ایک مقامی جرائم پیشہ شخص تھا جس کا شالنی سے تعلق تھا۔
ذرائع کے مطابق آشُو کا دعویٰ تھا کہ شالنی کے پیٹ میں اس کا بچہ ہے اور وہ اس بات پر برہم تھا کہ شالنی دوبارہ اپنے شوہر آکاش کے ساتھ رہنے لگی تھی۔
واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب شالنی اپنے شوہر کے ساتھ ماں سے ملنے قطب روڈ گئی، اچانک آشُو وہاں پہنچا اور آکاش پر چاقو سے حملہ کیا۔
آکاش نے خود کو اس حملے سے بچا لیا، جس پر حملہ آور آشُو نے آکاش کی بیوی شالنی پر حملہ کر دیا اور اس پر متعدد وار کیے۔
آکاش نے بیوی کو بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی زخمی ہو گیا، مگر اس نے ہمت کر کے آشُو سے چاقو چھین لیا اور اسے وار کر کے ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق شالنی اور آشُو کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں کو مردہ قرار دیا گیا، جبکہ آکاش کی حالت نازک ہے۔
پولیس نےمقتولہ شالنی کی والدہ شیلا کے بیان پر قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔