• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرفارمنس میں عدم تسلسل پاکستانی ٹیم کا اہم مسئلہ ہے، کوچ جیسن گلیسپی

پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم باصلاحیت ہے، اس کی پرفارمنس میں تسلسل کا نہ ہونا اہم مسئلہ ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کیسے لایا جائے؟ یہ دیکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو فٹ ہونا پڑے گا، اس پر کوئی سوال ہی نہیں، خواہش ہے پاکستان ٹیم مثبت کرکٹ کھیلے۔

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کوچ نے مزید کہا کہ اہم مواقع پر مشکل میں لڑ کر نکلنا اہم ہوتا ہے۔ ٹیم کا انتخاب حریف اور کنڈیشنز کے مطابق کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی ٹیم کےلیے اچھا ہوگا تو وہ ضرور منتخب ہوگا، پلیئرز ورک لوڈ مینجمنٹ کےلیے گیری کرسٹن سے رابطے میں ہیں۔

جیسن گلیسپی نے یہ بھی کہا کہ شان مسعود سے میری ایک دو مرتبہ بات ہوئی ہے۔ ٹیم میں اسپنرز کون ہوں گے، یہ سلیکٹرز فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پلیئرز سے ڈسکس کروں گا کہ پاکستان کو کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے، میرا فوکس ریڈ بال کرکٹ ہے، وائٹ بال کے معاملات گیری کرسٹن دیکھیں گے۔

جیسن گلیسپی نے کہا کہ اندازہ ہے کہ ورلڈکپ کی کارکردگی پر پاکستانی فینز مایوس ہیں۔ جیف لاسن اور شان ٹیٹ سے پاکستان ٹیم پر بات ہوئی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس مین کے لیے فٹنس بنیادی جز ہے۔ انٹرنیشنل لیول پر آنے کے بعد سب کو خود اندازہ ہونا چاہیے کہ فٹنس کی کیا اہمیت ہے، میرے لیے اہم یہ ہے کہ ہم کوالٹی سائیڈز کے خلاف بطور ٹیم اچھا کیسے کھیلتے ہیں۔

ریڈ بال ٹیم کے کوچ نے کہا کہ انگلینڈ کا اپنا انداز ہے، ہم اپنے انداز سے کھیلنا چاہیں گے۔ پاکستان کے بارے میں عام رائے ہے کہ اسکو فیلڈنگ میں مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ترجیح یہی ہوگی کہ ہم فیلڈنگ بہتر سے بہتر کریں، چیلنجنگ مواقع پر اچھے فیصلے جیت کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ شاہینز کے ساتھ دورے میں بھی کھلاڑیوں کو دیکھوں گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید