• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عثمان خان - فوٹو: فائل
عثمان خان - فوٹو: فائل

پاکستان کے جارح مزاج بیٹر عثمان خان نے تیز ترین لسٹ اے ڈبل سنچری کا نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پریذیڈنٹ کپ کے میچ میں ایشال ایسوسی ایٹس کے عثمان خان نے ایس این جی پی ایل کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ عثمان نے اپنی اننگز میں 132 گیندوں پر 201 رنز بنائے اور ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔

یہ پاکستان کی لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری تھی۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ شرجیل خان کے پاس تھا جنہوں نے دو سال قبل 2022 میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے خلاف 133 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ عثمان خان کے کیریئر کا 10واں لسٹ اے میچ تھا، وہ اب تک دس لسٹ اے میچز میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 81 عشاریہ 5 کی اوسط کے ساتھ 652 رنز بناچکے ہیں۔

عثمان خان لسٹ اے میچز میں ڈبل سنچری کرنے والے ساتویں پاکستانی کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل فخر زمان، عابد علی، محمد علی، شرجیل خان، کامران اکمل اور خالد لطیف بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان کے ٹاپ لسٹ اے اسکوررز کی فہرست یہ ہے:

پہلے نمبر پر فخر زمان ہیں جنہوں نے 2018 میں 210 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔ دوسرے نمبر پر عابد علی ہیں اور انہوں نے بھی اسی سال 209  رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ 

محمد علی نے 2005 میں 207 رنز  کی اننگز کھیلی تھی۔ شرجیل خان نے 2022 میں تیز ترین ڈبل سنچری بناتے ہوئے 206 رنز بنائے تھے اور فہرست کے ٹاپ اسکورر میں چوتھے نمبر پر رہے۔ 

پانچویں نمبر پر خالد لطیف ہیں جنہوں نے 2009 میں 204 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی، عثمان خان اس فہرست میں اپنی 201 رنز کی اننگز کے ساتھ  پانچویں نمبر پر ہیں۔ 

جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے بھی ڈبل سنچری کا ہندسہ عبور کیا تھا اور 2018 میں 200 رنز بنائے تھے۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید