اگر آپ ملٹی وٹامنز کا روزانہ استعمال اس لیے کرتے ہیں تاکہ یہ لمبی اور صحت مند زندگی کی ضامن بنے گی تو جان لیں کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، یہ عمر میں اضافہ نہیں کر سکتا۔
اس کے برعکس تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ایسے صحت مند افراد جو روزانہ ملٹی وٹامن سپلیمنٹس استعمال کرتے ہیں ان میں موت کا خطرہ 4 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
مذکورہ تحقیق امریکا میں دو دہائی سے زائد عرصے تک 4 لاکھ صحت مند افراد پر کی گئی ہے۔
اس دوران جن افراد نے روزانہ ملٹی وٹامن سپلیمنٹس استعمال کیا، ان میں مختلف امراض کے خطرے میں دیگر افراد کے مقابلے میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
میڈیکل نیوز ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں 33 فیصد بالغ افراد روزانہ ملٹی وٹامن یہ سوچ کر لیتے ہیں کہ اس سے صحت مند زندگی میں مدد مل سکتی ہے۔
مذکورہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جو یہ ثابت کرسکیں کہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے مختلف امراض جیسے امراض قلب اور کینسر سے تحفظ ملتا ہے بلکہ اگر صحت مند افراد ان کا استعمال کریں تو ان میں موت کا خطرہ 4 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق اب تک ملٹی وٹامن سپلیٹمنس کے استعمال کے فوائد اور نقصانات کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ان سپلیمنٹس کے اثرات کی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کے مطابق طرز زندگی کے عناصر جیسے تمباکو نوشی، غذا اور جسمانی سرگرمیوں کو مدنظر رکھا گیا اور دریافت ہوا کہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ملٹی وٹامنز کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور صرف امریکا میں ہر سال 8 ارب ڈالرز کے سپلیمنٹس فروخت ہوتے ہیں۔
زیادہ تر افراد ان سپلیمنٹس کا استعمال اچھی صحت اور فٹنس کو برقرار رکھنے اور دائمی امراض کی روک تھام کے لیے کرتے ہیں۔