• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گدو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار،کوٹری بیراج پر پانی کی سطح بلند

سکھر(بیور ورپورٹ )سکھر اور گدو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، گدو اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح مسلسل کم ہورہی ہے جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، آئندہ دو سے تین دن میں سکھربیراج پر صورتحال معمول کے مطابق ہوگی اور نچلے درجے کا سیلاب ختم ہوجائے گا جبکہ گدو بیراج پر 6سے7روز تک نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہے گی۔ہر سال ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ آبپاشی کے افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ تو کیا جاتا ہے لیکن عملی طور پر ان کا کام کوئی خاطر خواہ دکھائی نہیں دیتا کیونکہ عا م حالات میں بھی اگر کہیں شگاف پڑ جائے تو محکمہ آبپاشی کے افسران موقع پرنہیں پہنچتے، گزشتہ ماہ پنوعاقل کے نزدیک کورائی واہ میں شگاف پڑنے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا،  بالائی علاقوں سے آنے والا پہلا سیلابی ریلہ دریائے سندھ میں گدو کے مقام پر 8جولائی کو داخل ہوا تھا جو اب آخری مرحلے میں سکھربیراج سے ہوتا ہوا کوٹری کی جانب بڑھ رہا ہے اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، انچارج کنٹرول روم سکھربیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق موجودہ صورتحال میں سکھر اور گدو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے، گدو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی جبکہ سکھر بیراج پر آئندہ48گھنٹوں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال بھی ختم ہوجائے گی۔ سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ نے گدو، سکھر بیراج کا دورہ بھی کیا ہے اورمتعلقہ افسران کو ہدایات بھی دی ہیں کہ محکمہ آبپاشی کے تمام افسران اور اہلکار کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔گدو اور سکھر بیراج پر گزشتہ 24گھنٹوں میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے خاص طور پر گدو بیراج پر پانی کی سطح میں 23ہزار کیوسک کی کمی آئی ہے، سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں 7ہزار کیوسک کمی آئی ہے جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں 14ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔بدھ کی سہ پہر تک گدو بیراج پر پانی کی آمد2لاکھ 88ہزار349 کیوسک اور اخراج 2لاکھ 53ہزار 838کیوسک، سکھربیراج پر پانی کی بالائی سطح2لاکھ31ہزار70کیوسک اور یہاں سے کوٹری بیراج کے لئے ایک لاکھ 76ہزار320کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے، کوٹری بیراج پر پانی کی بالائی سطح 80ہزار345کیوسک اور اخراج 49ہزار50کیوسک ہے۔
تازہ ترین