بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نریندر مودی کی ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کو بہت مایوس اور امن کی کوششوں کے لیے ایک تباہ کن دھچکا قرار دیا ہے۔
ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ماسکو میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نے دنیا کے سب سے بڑے مجرم کو گلے لگایا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ یوکرین میں روس کے وحشیانہ میزائل حملے کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہو گئے جن میں سے 3 بچے بھی شامل تھے اور 13 بچوں سمیت 170 زخمی ہوئے ہیں۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی 2 روزہ دورے پر ماسکو میں ہیں جہاں انہوں نے کل شام روسی صدر پیوٹن کی طرف سے دیے گئے ایک عشائیہ میں شرکت کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوکرین اور روس کی جنگ کے دوران 2 بھارتی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں جنگی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ انہیں دھوکا دہی کے ذریعے لڑنے کے لیے آمادہ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے دورہ روس کے دوران صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔