پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم آج رات آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی، جہاں 4 روزہ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے آسٹریلیا روانگی سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ بنگلادیش اے کے خلاف ابتدائی 2 چار روزہ میچز پر توجہ ہے، کوشش ہوگی ان میچز میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں کم بیک کروں۔
اس دوران ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان نے شکوہ بھی کیا کہ انہیں ماضی میں پاکستان ٹیم میں ان کے نمبر پر چانس نہیں ملا، جس طرح دیگر کھلاڑیوں کو ملا ہے، وہ اوپنر ہیں اور پاکستان ٹیم میں بھی اوپنر کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی پاکستانی ہیں، ڈومیسٹک کھیلتے ہیں، انہیں بھی حق ہے جب موقع ملے تو انہیں ان کے نمبر پر پورا موقع ملے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سنا ہے کپتانی ملنے سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے لیکن انہوں نے ڈومسٹک میں پشاور ریجن کی کپتانی کی اور ٹیم چیمپئن بنی اور 4 ڈے کرکٹ میں بھی کپتانی کی اور ٹاپ اسکورر رہے تو کپتانی کے بعد میری کارکردگی میں فرق نہیں پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان شاہینز کی کپتانی ملی ہے کوشش ہوگی تسلسل برقرار رکھوں۔
ایک سوال کے جواب میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انہیں تو پاکستان ٹیم کی کپتانی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کپتانی کی وجہ سے امیچ بہتر ہوا ہے۔ پاکستان ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ تو مینجمنٹ نے کرنا ہے، پی سی بی کا شکریہ کہ انہوں نے ان پر اعتماد کیا اور شاہینز ٹیم کی قیادت دی۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز کا کمبینیش بہت اچھا ہے، ایک سال بعد پاکستان شاہینز کا دورہ ہو رہا ہے، اگر اسی طرح کے طویل دورے شاہینز کے کھلاڑیوں کو ملیں تو اچھا ہوگا۔
پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم آج رات ڈراون روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ بنگلادیش اے کے خلاف پہلے دو چارروزہ میچ کھیلے گی پھر دو ون ڈے میچز ہوں گے پھر 9 ٹیموں کے ٹی ٹوئینٹی میچز کا ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔