• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمسی توانائی کا فروغ اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں شمسی توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبوں کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 

وزیراعظم نے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی پر حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ 

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کی جامع حکمت عملی بنائیں۔ بجلی چوری کے حوالے سے وزارت توانائی سے تعاون پر وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے اسمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کروانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے اور چاروں صوبوں میں اسمارٹ میٹرنگ کے حوالے سے ماڈل بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں اووربلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ 

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد بجلی چوری مہم میں 84,366 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری پر 1 لاکھ 74 ہزار 562 ایف آئی درج کی گئی ہیں۔ 

بریفنگ میں کہا گیا کہ انسداد بجلی چوری مہم کے دوران ڈسکوز کے 456  ملازمین کو معطل کیا گیا۔ جبکہ خیبر پختونخوا میں1 ہزار 113 نئے میٹرز لگائے گئے اور تقریباً 12 ہزار کنڈے ہٹائے گئے۔

قومی خبریں سے مزید