صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار مری میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس پیر کو مری میں بلا لیا ہے، نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی مری طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے فیصلہ سنایا تھا۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حصول کی حق دار ہے، تحریکِ انصاف اس فیصلے کے 15 روز میں اپنے مخصوص افراد کی نشستوں کے نام کی فہرست دے۔
سپریم کورٹ نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دے دی جائیں۔
سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت قرار دے دیا۔