• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ نئے ریفرنس میں گرفتاری چیلنج کردی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ نئے ریفرنس میں گرفتاری چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے یہ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب و دیگر نیب افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔

بانی پی ٹی اور بشریٰ بی بی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ گرفتاری غیرقانونی ہے، رہا کرنے کے احکامات دیے جائیں، آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کی جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہوئے،گرفتاری کی ضرورت نہیں، عدت کیس میں رہائی کے فوراً بعد بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ نے بار بار کہا صرف نامزد ہونے پر کسی بھی شخص کو فوراً گرفتار نہ کیا جائے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی گرفتاری اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے.

درخواست میں استدعا کی گئی کہ حکومتی اداروں کوعدالتی احکامات کے بغیر بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے سے روکا جائے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو عِدت کے مقدمہ سے بری ہونے پر سیاسی انتقام کیلئے دوسرے جعلی مقدمہ میں بغیرجواز گرفتار کیا گیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سیاسی مخالفت پر وفاقی اور پنجاب حکومت بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو لمبے عرصے تک زیرحراست رکھنا چاہتے ہیں، دونوں ملزمان کو طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواستیں زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتار کیا گیا۔

درخواست  کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتاری بدنیتی کا ثبوت ہے۔

قومی خبریں سے مزید