سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش ہوئی۔ بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع، 130 فیڈر ٹرپ کر گئے۔
لطیف آباد کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، فیڈر بند ہونے کے باعث نکاس آب کا عمل متاثر ہوا۔
کراچی کے مختلف علاقوں سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، بارش کے باعث نشیب علاقے زیر آب آگئے جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شہر قائد میں ملیر ہالٹ، رفاع عام اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد، ماتلی، ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ، سانگھڑ، ٹنڈو آدم، شہدادپور سمیت گردو نواح میں بھی بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
بلوچستان میں کوہ سلیمان پر بارش، اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔دانا سر میں تیز بارش کے بعد دو مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، این 50 قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
اسلام آباد سے کوئٹہ جانےوالے مسافر بسیں داناسر میں پھنس گئیں، شیرانی کی حدود میں خیبرپختونخوا جانے والی مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ٹریفک میں پھنسی گاڑیاں لینڈ سلائیڈنگ کے زد میں آنے کا خدشہ ہے۔