کرم میں ڈپٹی کمشنر کا نوائے پر حملہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ حکومت کو موصول ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر جاوید محسود پر فائرنگ مذاکراتی عمل کے دوران ہوئی جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید محسود پر حملہ کی حکومت کو موصول ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے دوسرے قافلوں سے پہلے جانا تھا اور سڑک کھلوانے کےلیے چند مشران سے ملاقات کرنی تھی۔
رپورٹ کے مطابق آج امن معاہدے کے تحت ادویات اور اشیائے خورونوش پر مشتمل پہلا قافلہ کرم کےلیے روانہ ہونا تھا مذاکراتی عمل کے دوران شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر جاوید محسود اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کر دی۔
تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حملے میں ڈپٹی کمشنر سمیت 3 پولیس اور 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے ڈپٹی کمشنر کو 3 گولیاں لگیں جس کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا۔